سانحہ 9 مئی، ملٹری کورٹس سے سزاؤں کے اعلان پر پاکستان تحریک انصاف کا رد عمل آگیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کے خلاف ملٹری کورٹس سے سزاؤں کے اعلان پر پاکستان تحریک انصاف کا رد عمل بھی آگیا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے سویلینز کے خلاف ملٹری کورٹس کے سزاوں کا فیصلہ مسترد کردیا اور یہ تبصرہ ایک ٹوئیٹ میں کیا ۔
ان کاکہناتھاکہ فوجی عدالتوں کی جانب سے پی ٹی آئی کے زیر حراست افراد کے خلاف سنائی گئی سزائیں انصاف کے اصولوں کے منافی ہیں، زیر حراست افراد عام شہری ہیں اور ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا، فوجی عدالتیں جو عام شہریوں کو سزائیں سناتی ہیں بنیادی طور پر کینگرو عدالتیں ہیں۔
عمرایوب نے کہاکہ فوجی عدالتیں قانونی طور پر ریاست کی عدالتی طاقت کی شراکت دار نہیں ہو سکتیں، مسلح افواج ریاست کے انتظامی اختیار کا حصہ ہیں ، ایسی عدالتوں کا قیام عام شہریوں سمیت عدلیہ کی آزادی کے خلاف ہے ، ایسے فیصلوں سے آئین کی بنیادی خصوصیت طاقت کی تقسیم کی نفی ہوئی ہے۔