علی امین گنڈا پور نے این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا
پشاور(ویب ڈیسک)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آرمی چیف کے دورہ پشاور کے دوران اجلاس میں گورنرکے پی سے گرما گرمی کی تصدیق کردی اور ساتھ ہی این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا گورنر نے صوبے کو ملنے والے فنڈز کے غلط اعداد و شمار پیش کیے۔ تصحیح پر فیصل کریم کنڈی بھڑک اٹھے جس پر میں نے اجلاس سے واک آوٹ کیا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا افغانستان کے حوالے سے جو کہا تھا حکومت اس پرآگئی ہے۔ مگر اب کہہ رہے ہیں بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔
یادرہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف کی زیرصدارت اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپوراورگورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی میں تلخ کلامی ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وسائل کی کمی کاشکوہ کیا تھا، فیصل کریم کنڈی نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والے500ارب کا ذکر کیا جس پر وزیراعلی اورگورنرخیبرپختونخوا میں تلخی ہوئی ہے۔