بائبل پر ہاتھ رکھے بغیر ہی ڈونلڈ ٹرمپ کا حلف ، امریکا کے 47ویں صدر بن گئے

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا تاہم انہوں نے بائبل پر ہاتھ رکھ کر حلف اُٹھانا پسند نہیں کیا، وہ امریکا کے 47 ویں صدر بنے ہیں، اور دوسری بارعہدہ صدارت کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق تقریب امریکی آئین کے تحت کیپٹل ہل، واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کی گئی، جہاں چیف جسٹس جان رابرٹس نے ان سے عہدے کا حلف لیا، جبکہ قبل ازیں جے ڈی وینس نے نائب صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
حلف برداری کے بعد اپنے صدارتی خطاب کے آغاز میں ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن، بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکا کا سنہری دور شروع ہوگیا ہے، ہمارا منشور سب سے پہلے امریکا ہوگا، امریکا کو قابل فخر، خوشحال اور اقوام میں سرفہرست ملک بنائیں گے، امریکا کو بہت جلد ایک مضبوط، عظیم اور پہلے سے کہیں زیادہ قابل فخر ملک بنائیں گے، اور اس کی خودمختاری دورہ حاصل کریں گے، ہمارا ملک ترقی کرے گا اور پوری دنیا میں دوبارہ عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ جب اپنے عہدے کا حلف اُٹھا رہے تھے تو اُس وقت ان کی اہلیہ میلانیا ہاتھوں میں بائبل لیے کھڑی تھی۔
میلانیا ٹرمپ منتظر تھیں کہ حلف لیتے وقت ڈونلڈ ٹرمپ ایک ہاتھ بائبل پر رکھیں گے اور دوسرا فضا میں اُٹھائے رکھیں گے جو کہ روایت ہے۔
تاہم میلانیا منتظر ہی رہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ نے بائبل پر ہاتھ رکھے بغیر ہی حلف مکمل کرلیا۔