پنجاب کے گاڑی مالکان کے لیے خوشخبری، بڑی شرط ختم ہوگئی

لاہور ( ویب ڈیسک) محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن نے موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے سیکشن 24 میں ترمیم کی کابینہ سے منظوری حاصل کر لی ہے، اس ترمیم کے تحت پنجاب کے موٹر وہیکل مالکان کو اب اپنی گاڑی رجسٹرڈ کروانے کے لیے اپنے مستقل رہائشی ضلع کی شرط ختم کر دی گئی ، اب صوبے کے رہائشی کسی بھی ضلع میں اپنی گاڑی رجسٹرڈ کروا سکیں گے، جبکہ پہلے سیکشن 24 کے تحت موٹر مالکان اپنے مستقل رہائشی ضلع میں گاڑی کی رجسٹریشن کروانے کے پابند تھے۔
ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق موٹر وہیکل آرڈینینس 1965 ایک صوبائی قانون ہے جس کے تحت ہر صوبے کا رہائشی صرف اپنے صوبے میں اپنے رہائشی ضلعے میں گاڑی رجسٹرڈ کرنے کا مجاز ہے۔ مجوزہ ترمیم کے تحت پنجاب کے رہائشی پنجاب کے کسی بھی ضلع میں گاڑی رجسٹرڈ کروانے سکیں گے، ترمیم کا مقصد موٹروہیکلز پر قوانین کے اطلاق میں آسانی اور ای چالاننگ میں سہولت اور جدت کا فروغ ہے۔یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ محکمہ ایکسائز کی جانب سے مجوزہ ترمیم میں گاڑیوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔
ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے مزید بتایا کہ صوبے میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کو ٹوکن ٹیکس کی آ ئن لائن ادائیگی ، بائیو میٹرک کے ذریعے وہیکلز کی آن لائن ٹرانسفر اور ای رجسٹریشن کارڈ جیسی اضافی سہولتیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں جس سے ٹریفک قوانین کے نفاذ میں بھی مزید بہتری آئے گی۔ موٹر وہیکل آرڈیننس میں مجوزہ ترمیم کی حتمی منظوری پنجاب اسمبلی سے لی جائے گی۔