ملتان میں ایل پی جی منتقلی کے دوران ٹینکر پھٹ گیا، کم از کم 5 افراد جاں بحق، کئی زخمیوں کی حالت نازک، علاقہ خالی کرالیا گیا

ملتان (ویب ڈیسک) ملتان میں غیر قانونی طور پر بڑے گیس باؤزر سے چھوٹے گیس بأوزر میں ایل پی جی منتقلی کے دوران ٹینکر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے ۔
تفصیل کے مطابق فہد ٹا ؤن میں ہونے والے دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی ، عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر میں آگ لگنے کی وجہ سے دھماکہ ہوا اور آگ والے ٹکڑے مقامی آبادی کے گھروں پر جا کر گرے جس سے گھروں کی چھتیں متاثر ہوئیں۔
سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں ایک بچی، 2خواتین اور2مرد شامل ہیں،13زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، ایل پی جی باوٌزر دھماکے میں جانور بھی ہلاک ہوئے،اس کے علاوہ دھماکے میں کئی مکانات تباہ ہوئےہیں جبکہ ایل پی جی باؤزر سے گیس کا اخراج جاری ہے اور مزید کسی سانحے سے بچنے کے لیے علاقے کو خالی کرا لیاگیا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ ایل پی جی گیس کنٹینر میں دھماکا غیرقانونی فلنگ کے دوران ہوا، بڑے گیس باؤزر سے ایل پی جی چھوٹے باؤزرز اور کمرشل سلنڈر میں ری فل کی جارہی تھی، جہاں دھماکا ہوا وہ جگہ غیرقانونی ایل پی جی ریل فلنگ کا گودام تھا،بڑا گیس باؤزر مبینہ طور پر سمگل شدہ ایل پی جی گیس لے کر آیاتھا،پولیس نے کہاکہ گودام میں 5چھوٹے بڑے گیس باؤزر موجود تھے جو تباہ ہوئے۔
کمشنر ملتان کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں بجلی کی سپلائی اور گیس کی فراہمی بند کر دی گئی۔