وزیراعظم شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان کی مختصر ملاقات ، جے یو آئی سربراہ کا تحفظات کا اظہار

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، مولانا نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سکیورٹی حالات پر تحفظات کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور سربراہ جمعیت علما اسلام کی ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطاالرحمان، مولانا اسعد محمود اور اسلم غوری موجود تھے جبکہ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال تھے۔وزیراعظم مولانا فضل الرحمان سے مختصر ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگئے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے سربراہ جمعیت علما اسلام (جے یو آئی)مولانا فضل الرحمان کی ملکی سیاسی وسکیورٹی صورتحال اورمدارس رجسٹریشن معاملے پربات چیت ہوئی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلوچستان میں حالات ایسے ہیں کوئی بھی محفوظ نہیں، خیبر پختونخوا میں بھی امن و امان کی صورتحال خراب ہے،وزیر اعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کا نقطہ نظر غور سے سنا ،امن و امان کے قیام کے حوالے سے وزیر اعظم نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔