جس طرح ہم ملک چلا رہے ہیں ایسے تو پرچون کی دکان بھی نہیں چلتی، مصدق ملک کا اعتراف

اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے اعتراف کیاہے کہ جس طرح ہم ملک چلا رہے ہیں ایسے تو پرچون کی دکان بھی نہیں چلتی، ہمیں حکومتی پالیسیوں میں لبرلآئزیشن کی ضرورت ہے۔
سالانہ تکنیکی کانفرنس اور آئل شو سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں ہے، معاملات کو نجی شعبے کے حوالے کرنا ہوگا، پی آئی اے کی نجکاری میں ناکامی ہوئی، ہم ایک بار پھر پی آئی اے کی نجکاری شروع کررہے ہیں، ہمیں ملکی وسائل پر انحصار بڑھانا ہے، دقیانوسی اور نوکر شاہی کے طریقوں سے باہر نکلنا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم اس وقت توانائی کے شعبے میں تین طرح کام کر رہے ہیں، حکومت توانائی تک تمام آبادی کی رسائی کیلئے کام کر رہی ہے، توانائی کی قیمتیں عوام تک پہنچانے اور توانائی کی پائیداری کے لیے بھی کام ہورہا ہے، حکومت مقامی پیداوار کو بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے، ایسی توانائی کا کیا کریں گے جسے عوام خرید نہ سکیں۔