بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل کی طلاق ہوگئی

ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل کی طلاق کی تصدیق ہوگئی ، کرکٹر اور ان کی اہلیہ دھنشری ورما کے درمیان علیحدگی کی خبریں بالآخر سچ ثابت ہوگئیں۔
تفصیل کے مطابق سوشل میڈیا پر کئی ماہ سے ان کی علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، دونوں نے سوشل میڈیا پر مبہم پوسٹس بھی کیں، جو اشارہ دے رہی تھیں کہ وہ الگ ہو چکے ہیں تاہم کسی نے بھی واضح طور پر اس معاملے پر بات نہیں کی اور نہ ہی علیحدگی کی اصل وجوہات بتائیں۔
رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز ممبئی کے باندرہ فیملی کورٹ میں ان کی طلاق کی حتمی سماعت مکمل ہوئی، جہاں دونوں فریقین عدالت میں موجود تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے جوڑے کو تقریباً 45 منٹ تک مشاورت (کاؤنسلنگ) کے لیے کہا تاکہ معاملات کو سلجھایا جا سکے تاہم مشاورت کے بعد دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدہ ہونے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اظہار کیا۔
گزشتہ روز شام 4 بج کر 30 منٹ پر عدالت نے باضابطہ طور پر دونوں کے درمیان طلاق کی منظوری دے دی، اور یوں بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل اور دھنشری ورما کی شادی کا باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ چہل اور دھنشری پچھلے 18 ماہ سے ایک دوسرے سے الگ رہ رہے تھے۔