پاک انڈیا میچ، ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 14 ہزار رنز مکمل کر لئے

دبئی (ویب ڈیسک) پاک بھارت میچ کے دوران مین آف دی میچ قرار پانے والے بھارت کے سٹار بیٹر ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 14 ہزار رنز مکمل کر لئے ہیں اور انہوں نے یہ کارنامہ اپنی 287 ویں اننگز میں سرانجام دیا جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے تیزی سے اس مقام تک پہنچنے کا ریکارڈ ہے۔
کوہلی نے یہ سنگ میل پاکستان کے خلاف آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اہم میچ میں عبور کیا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ سابق بھارتی بیٹر سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 350 سے زائد اننگز میں 14 ہزار رنز مکمل کئے تھے۔خیال رہے کہ سری لنکا کے سابق کرکٹر کمار سنگاکارا نے یہ اعزاز 378 ویں اننگز میں حاصل کیا تھا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ اہم مقابلے میں اس طرح بیٹنگ کرنا بہت اچھا لگا، جہاں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا موقع تھا۔ان کا کہنا تھا کہ روہت شرما کے جلدی آؤٹ ہونے کے بعد میرا کام درمیانی اوورز کو کنٹرول کرنا تھا، اسپنرز کے خلاف غیر ضروری رسک نہ لینا اور پیسرز پر شاٹس کھیلنا تھا۔ میں اپنے ٹیمپلیٹ سے خوش ہوں، یہی میرا ون ڈے کھیلنے کا انداز ہے۔
کوہلی نے کہا کہ وہ اپنی بیٹنگ کے حوالے سے واضح حکمت عملی رکھتے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ بیرونی دباؤ سے بچنا اور توانائی کی سطح کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بڑے میچز میں توقعات اور جوش و خروش میں بہک جانا آسان ہوتا ہے، لیکن میں نے خود کو یاد دلاتا رہا کہ مجھے 100 فیصد دینا ہے۔
ویرات کوہلی نے اپنی بیٹنگ حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب گیند تیز آ رہی ہو تو اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہوتا ہے اور سکور کرنا آسان ہوتا ہے۔ سب کچھ ذہنی طور پر واضح رکھنے کی ضرورت ہے، یہی چیز بڑی اننگز کھیلنے میں مدد دیتی ہے۔