پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا احتجاج

پنجاب کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، چینی اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے و مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کیے گئے۔ ان مظاہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور حکومت پر سخت تنقید کی گئی۔

احتجاجی ریلیوں کا انعقاد جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر کیا گیا، جن میں پنجاب کے ضلعی اُمراء نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ سب سے نمایاں ریلی گجرات میں منعقد ہوئی جس میں امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے پریس کلب سے کچہری چوک تک شرکاء کی قیادت کی۔ ریلی شرکاء نے مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے خلاف بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں کمر توڑ مہنگائی، پیٹرول کی قیمتوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے غریب، مزدور، کسان اور محنت کشوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غربت کے باعث لوگ فاقوں پر مجبور اور خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں جبکہ حکمران طبقات شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں، کرپشن اور بدعنوانی عروج پر ہے اور ملک کے تھانے عقوبت خانوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسمبلیوں میں بیٹھے کئی ارکان صرف ذاتی فائدے کے لیے سرگرم ہیں اور پارلیمنٹ میں نمائندے اپنی وفاداریاں اور ضمیر بیچنے میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اشتہاری مہم اور میڈیا میں مصروف ہیں جبکہ عوام کی مشکلات پر توجہ نہیں دے رہیں۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن اور جماعت اسلامی اس وقت ملک کے سفید پوش طبقے اور عام آدمی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پرامن احتجاج سے حکمرانوں پر اثر نہ ہوا تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی اور حکومت کو مجبور کرے گی کہ وہ عوامی مشکلات حل کرے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے