یوآئی آئی ٹی اوپن ہاؤس اور جاب فیئر 2025 کی جھلکیاں

یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (یو آئی آئی ٹی)، پیر مہر علی شاہ اریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی (پی ایم اے ایس-اے اے یو آر) میں سالانہ اوپن ہاؤس اور جاب فیئر 2025 کا کامیاب انعقاد ہوا، جس میں تعلیمی و صنعتی اداروں کے نمائندگان اور فارغ التحصیل طلبہ کو ایک ہی چھت تلے اکٹھا ہونے کا موقع ملا۔ اس تقریب کا مقصد طلبہ کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرنا، اور تعلیمی اداروں و صنعتوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا تھا۔

تقریب کا افتتاح وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کیا، جنہوں نے طلبہ کے تیار کردہ پراجیکٹس کا جائزہ لیا اور شرکاء سے گفتگو کی۔ ان کے ہمراہ رجسٹرار پی ایم اے ایس-اے اے یو آر، محمد عقیل سلطان، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران، صنعتی اداروں کے نمائندے اور بڑی تعداد میں طلبہ بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے تعلیمی اور صنعتی شعبوں کے مابین تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ ایسے روابط سے ملک میں جدید ٹیکنالوجی و معاشی ترقی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی اور صنعتوں کے درمیان مضبوط شراکت داری نہ صرف دونوں فریقین کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ ملکی معیشت کو مستحکم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

امسال جاب فیئر میں ٹیکنالوجی سمیت متعلقہ شعبہ جات کی 60 سے زائد معروف کمپنیوں نے حصہ لیا۔ ان کمپنیوں کے نمائندوں نے طلبہ کے پراجیکٹس کو سراہا، موقع پر انٹرویوز کیے اور متعدد طلبہ کو ملازمت اور انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے۔ اس دوران 45 فارغ التحصیل طلبہ کو براہ راست ملازمت کی پیشکش ہوئی جبکہ 80 سے زائد طلبہ نے انٹرن شپ حاصل کی۔ اوپن ہاؤس میں کمپیوٹر سائنس اور سوفٹ ویئر انجینئرنگ سمیت جدید ترین شعبوں میں طلبہ کے تخلیقی منصوبے نمایاں رہے جو ان کی فنی مہارت اور تخلیقی اندازِ فکر کی عکاسی کرتے ہیں۔

اختتامی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے ہر شعبہ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے تین سرفہرست طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے ڈائریکٹر یو آئی آئی ٹی، پروفیسر ڈاکٹر یاسر حفیظ اور ان کی ٹیم کو اس شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور تعلیمی و صنعتی روابط کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر یاسر حفیظ نے بھی وائس چانسلر کے تعاون اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا اور عزم دہرایا کہ یو آئی آئی ٹی مستقبل میں بھی جدیدیت کے فروغ اور گریجویٹس کی روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے کوشاں رہے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے