ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی پبلک ہیلتھ میں نئی قیادت

ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے صحت عامہ کے شعبے میں اہم کردار سنبھال لیا
ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے) نے پاکستان میں صحت عامہ کے شعبے میں قائدانہ اور متحرک کردار اختیار کرتے ہوئے ملک بھر میں صحت کے نظام کو مستحکم بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ادارے کے مطابق، ایچ ایس اے نے اب تک 10 ہزار سے زائد تربیت یافتہ ماہرین صحت کے شعبے میں پیدا کیے ہیں، جو ملک کے چار سو سے زائد اضلاع میں مختلف پراجیکٹس اور خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ایچ ایس اے نہ صرف تربیت یافتہ اور ہنرمند صحت ورک فورس کی فراہمی میں مصروف عمل ہے بلکہ ملکی سطح پر پالیسی سازی، ایمرجنسی ریسپانس اور جدید طبی رجحانات اختیار کرنے میں بھی پیش پیش ہے۔ کوویڈ-19 کے دوران ایچ ایس اے کے گریجویٹس نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں ویکسینیشن حکمت عملی، اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ڈیٹا بیس فیصلوں کی تیاری میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔
ڈینگی کے کنٹرول کے حوالے سے بھی ایچ ایس اے کے تربیت یافتہ ماہرین نے لاہور، راولپنڈی، پشاور اور کراچی سمیت متعدد بڑے شہروں میں جدید ماڈلز جیسے ہاٹ اسپاٹ میپنگ، لاروہ سرویلنس، کمیونٹی انگیجمنٹ اور ویکٹر کنٹرول کو کامیابی سے نافذ کیا۔ ان اقدامات کے ذریعے ڈینگی کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں بڑی پیش رفت ہوئی۔
عالمی سطح پر بھی ایچ ایس اے کے ماہرین پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یونیسیف اور ورلڈ بینک جیسے اداروں کے ساتھ مشاورتی تعلقات رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی تحقیق اور پالیسی تجاویز ملک کی قومی منصوبہ بندی کا حصہ بنتی جا رہی ہیں۔
بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پنجاب کے حساس علاقوں میں بھی ایچ ایس اے کے افسران ایم اینڈ ای آفیسرز اور پروگرام منیجرز کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ چاہے سیلاب جیسے قدرتی آفات ہوں یا پولیو مہمات، ایچ ایس اے کے تربیت یافتہ ماہرین ہر ہنگامی صورتحال میں فرنٹ لائن پر موجود رہتے ہیں۔
مستقبل کے اہداف پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ایچ ایس اے کلائمیٹ ہیلتھ، ڈیجیٹل ہیلتھ، صنفی برابری اور پائیدار ترقی جیسے اہم موضوعات پر تحقیق اور تربیت کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ ملک میں صحت کا معیار مزید بہتر ہو سکے۔
ایچ ایس اے کا عزم ہے کہ وہ پاکستان میں صحت کے شعبے کے لیے مزید فعال، مؤثر اور باصلاحیت ہیلتھ ورک فورس تیار کرتا رہے گا، تاکہ ہر پاکستانی شہری کو معیاری اور بروقت صحت کی سہولیات میسر آ سکیں۔