ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے طلبہ کی عالمی ملی نیئم فیلوشپ میں شاندار کامیابی

پاکستان کے لیے عالمی سطح پر بڑا اعزاز، ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے طلبہ اقوام متحدہ کے ملی نیئم فیلو 2025 منتخب

ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA)، جو پاکستان میں صحت عامہ کے شعبے کی اولین ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ ہے، کے طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر ایک نمایاں کامیابی ملی ہے۔ اکیڈمی کے متعدد طلبہ کو اقوام متحدہ کے باوقار ملی نیئم فیلوشپ 2025 کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جو پاکستان کے تعلیمی وقار اور اکیڈمی کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ملی نیئم فیلوشپ پروگرام یونائیٹڈ نیشنز اکیڈمک امپیکٹ (UNAI) اور ملی نیئم کیمپس نیٹ ورک (MCN) کی مشترکہ کاوش ہے۔ یہ پروگرام دنیا بھر کے انڈرگریجویٹ طلبہ کو قیادت کی تربیت فراہم کرنے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے لیے عملی منصوبے تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس سال اس عالمی فیلوشپ میں 60 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، تاہم محض 290 کیمپسز کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ ان کے طلبہ میلانیم فیلو منتخب ہوئے، جن میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی بھی نمایاں ہے۔

اس انتخاب کے بعد HSA کے منتخب طلبہ دنیا بھر کے ساتھی قائدین کے ساتھ مل کر صحت عامہ، سماجی بہبود اور صحت میں مساوات کے شعبوں میں عملی منصوبے شروع کریں گے، جو پاکستان میں پائیدار ترقی کے سفر کو مہمیز دینے کا باعث بنیں گے۔ اس اقدام سے پاکستان کے نوجوانوں کی عالمی سطح پر قائدانہ صلاحیتوں کا بھرپور اعتراف اور ان کے تحقیقی و سماجی خدمات کے میدان میں عالمی معیار کی صلاحیتوں کی توثیق ہوئی ہے۔

ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے اس کامیابی پر خوشی و فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "یہ لمحہ نہ صرف HSA بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ہمارے طلبہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں، جدت پسندی اور عالمی صحت سے جڑے چیلنجز کے حل کے لیے غیر معمولی عزم پیش کر رہے ہیں۔ ان کا ملی نیئم فیلو کے طور پر انتخاب اس امر کا ثبوت ہے کہ اکیڈمی مستقبل کے عالمی معیار کے رہنما تیار کر رہی ہے، جو صحت عامہ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں پاکستان کے نام کو روشن کریں گے۔”

یہ مسلسل کامیابی HSA کے وژن کی عکاس ہے، جس کے تحت ادارہ ایسے ماہرین صحت تیار کر رہا ہے جو تحقیق، عملی خدمات، قیادت اور سماجی بہتری کے عالمی معیار پر پورے اترتے ہیں۔ ملی نیئم فیلوشپ کے تحت منتخب طلبہ مختلف ممالک کے ساتھیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے ذریعے ترقی کا عمل مزید تیز کریں گے۔

ہیلتھ سروسز اکیڈمی اپنی اس کامیابی کو مقامی سطح پر خصوصی تعریفی تقریبات کے ذریعے منائے گی اور فیلوشپ کی گریجویشن سمیت دیگر عالمی سرگرمیوں میں فعال شرکت کرے گی۔ اکیڈمی نے یونائیٹڈ نیشنز اکیڈمک امپیکٹ کے ساتھ شراکت کو آئندہ مزید مضبوط بنانے کا بھی عزم ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی 1988 میں قائم ہوئی اور پاکستان میں صحت عامہ کے مستقبل کے قائدین کی تیاری کے لیے قومی مرکزِ فضیلت کا درجہ رکھتی ہے، جو تحقیق، پالیسی سازی اور تعلیمی میدان میں اہم خدمات انجام دے رہی ہے۔ اکیڈمی بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی سطح پر جدید پروگرامز پیش کر کے صحت عامہ اور پائیدار ترقی میں پاکستان اور خطے کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے