پی ٹی آئی کو قانون کے تحت انتخابی مہم اور جلسوں کی اجازت
پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کو قانون کے تحت انتخابی مہم چلانے اور جلسے کرنے کی اجازت دے دی۔
پشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی الیکشن مہم اور جلسوں کی اجازت دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ درخواست گزاروں کو قانون کے تحت انتخابی مہم چلانے اور جلسے کرنے کی اجازت ہے، کسی ایک سیاسی جماعت کو اس کےحق سے دور نہیں کیا جا سکتا، نگراں حکومت شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے اقدامات کرے۔
عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ انتخابی مہم اور جلسوں کی اجازت نہیں دی جا رہی، ایڈووکیٹ جنرل سے عدالت نے پوچھا کہ پی ٹی آئی پر اعلانیہ یاغیر اعلانیہ پابندی ہے جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی پر ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔
عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا ہے کہ جلسے اور کنونشن کے لیے انتظامیہ سے پیشگی اجازت لینا لازمی ہے، درخواست گزاروں نے کہا ہے کہ ہم ایڈووکیٹ جنرل سے معاہدہ کرتے ہیں پہلے اجازت لیں گے، ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اپنی قانونی ڈیوٹی انجام دے گی۔